لاہور (ویب ڈیسک): مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث ملک میں توانائی بحران کے خدشات کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے میں اہم فیصلوں کی تیاری شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کے محکمہ توانائی نے صوبائی حکومت کو نئی سفارشات ارسال کر دی ہیں، جن میں وفاق کی طرز پر فیول راشننگ (تیل کی مقررہ تقسیم) کی تجویز بھی شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 15 اپریل تک تعلیمی اداروں میں تعطیلات کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ اسکولوں میں ہائبرڈ تعلیمی نظام متعارف کرانے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی منصفانہ تقسیم کے لیے کوپن یا ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ مخصوص دنوں میں محدود گاڑیوں کو ایندھن فراہم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ نجی اداروں کے لیے ورک فرام ہوم سے متعلق سخت ہدایات کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ غیر ضروری تقریبات پر مکمل پابندی کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کو میٹرو اور بس سروس میں اضافہ کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے، جبکہ ایل ای ڈی بل بورڈز اور آرائشی لائٹس بند کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ رات 10 بجے کے بعد اسٹریٹ لائٹس کو متبادل موڈ پر چلانے اور مارکیٹوں کے اوقات مزید محدود کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
0 تبصرے