لاس اینجلس / غزہ (ویب ڈیسک) – مشہور ہالی ووڈ اداکارہ اینجلینا جولی نے غزہ میں جاری انسانی المیے اور تباہی کی ایک نئی تصویر دنیا کے سامنے پیش کی ہے۔
پناہ گزینوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والی جولی نے انسٹاگرام پر غزہ کی ایک 26 سالہ خاتون کا خط شیئر کیا، جس میں جنگ کے دوران خاندانوں کو درپیش مشکلات کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس خاتون نے اپنے والد کو گولی باری میں کھو دیا ہے اور اب اپنی معذور بہن اور دیگر گھر والوں کے ساتھ ایک خیمے میں زندگی گزار رہی ہے۔
جولی نے لکھا کہ “اس خاتون نے مجھے بتایا کہ ان کے گھر والوں اور پڑوسیوں کے لیے روزمرہ کی زندگی کتنی مشکل ہے۔ دنیا کی توجہ دیگر واقعات کی طرف ہٹ گئی ہے، لیکن غزہ کا دکھ اب بھی جاری ہے۔”
خط میں مزید کہا گیا کہ غزہ میں حالات اب موت سے بھی بدتر ہیں، جہاں انسان جسمانی طور پر زندہ ہے لیکن روحانی طور پر شدید دکھ اور بوجھ برداشت کر رہا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ بچے اسکول، قلم اور کاپیاں بھول گئے ہیں، ان کے تمام خواب اب صرف پانی کی بوتل یا خوراک کی ایک پلیٹ تک محدود ہو گئے ہیں۔ اسپتالوں کی تباہی اور دوائیوں کی کمی کے سبب صحت کے بڑے مسائل پیدا ہو چکے ہیں، لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود غزہ کے لوگ اب بھی زندگی اور خوشیوں کو واپس لانے کی امید رکھتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ ایک خوبصورت مستقبل ضرور آئے گا۔
0 تبصرے