عوام پر دوہرا وار: حکومت نے پیٹرولیم قیمتوں کے ساتھ لیوی میں بھی تاریخی اضافہ کر دیا

عوام پر دوہرا وار: حکومت نے پیٹرولیم قیمتوں کے ساتھ لیوی میں بھی تاریخی اضافہ کر دیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) عوام پر دوہرا وار کرتے ہوئے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ لیوی میں بھی تاریخی اضافہ کر دیا ہے۔ حکومت نے پیٹرول پر لیوی میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد پیٹرول پر لیوی بڑھ کر 160 روپے 61 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جبکہ اس سے قبل پیٹرولیم لیوی 106 روپے فی لیٹر تھی۔ ہائی آکٹین پر لیوی 305 روپے 37 پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ لائٹ ڈیزل پر 15 روپے 84 پیسے اور فرنس آئل پر 77 روپے فی میٹرک ٹن لیوی مقرر کی گئی ہے۔ جاری مالی سال کے لیے پیٹرولیم لیوی کا ہدف 1468 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے اور لیوی کی شرح میں اضافے کے بعد نان ٹیکس آمدنی میں مزید اضافے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ روز پیٹرول 137 روپے 23 پیسے اور ڈیزل 184 روپے 49 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ مٹی کے تیل اور جیٹ فیول کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 34 روپے 8 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 467 روپے 48 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جیٹ فیول کی قیمت میں مزید 40 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 517 روپے 17 پیسے فی لیٹر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔