اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیرِاعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث ہوا ہے، اس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، اس لیے ہمیں اندرونی طور پر انتشار نہیں پھیلانا چاہیے۔ اگر جنگ مزید جاری رہی تو اس سے بھی زیادہ خراب حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت نے ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عام آدمی کو فائدہ پہنچ سکے اور وہ حالات کا مقابلہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ جنگ ہے، سب کو معلوم ہے کہ جنگ کس نے اور کیسے شروع کی، لیکن کچھ لوگ اپنے سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں اور عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور بھارت جیسے ممالک میں پیٹرول اور ڈیزل دستیاب نہیں، لیکن موجودہ حکومت اور وزیرِاعظم کی دن رات محنت کی بدولت پاکستان میں ایک دن بھی ایسا نہیں آیا کہ پیٹرول پمپوں پر قطاریں لگی ہوں یا پیٹرول دستیاب نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو کریڈٹ دینے کے بجائے اس معاملے پر پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جبکہ اس وقت حکومت کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہئیں تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر جنگ بند کرانے کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت نے قیمتیں بڑھانے کے بجائے کم کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ غریب پر کم بوجھ پڑے، ایسی صورتحال میں احتجاج اسرائیل کے خلاف ہونا چاہیے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیاسی مقاصد سے بالاتر ہو کر اتحاد کے ساتھ اس مشکل وقت کا مقابلہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بحران ہمارا پیدا کردہ نہیں، ہم اس بحران کو حل کرنے والوں میں شامل ہیں اور ایک باوقار قوم بن کر اس سے باہر نکلیں گے۔
0 تبصرے