لانڈھی کے مسائل کے حل کیلئے اسسٹنٹ کمشنر عون عباس کا متحرک کردار قابلِ تحسین

لانڈھی کے مسائل کے حل کیلئے اسسٹنٹ کمشنر عون عباس کا متحرک کردار قابلِ تحسین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لانڈھی کے اسسٹنٹ کمشنر سید عون عباس سے ممتاز سماجی شخصیت اور استحکام پاکستان سوشل فورم کے بانی و صدر محمد انیس قریشی اور ولی محمد ویلفیئر سوسائٹی کے سربراہ وقاص احمد خان ایڈوکیٹ نے اے سی ایم آفس کورنگی میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران محمد انیس قریشی اور وقاص احمد خان ایڈوکیٹ نے ڈپٹی کمشنر کورنگی مسعود بھٹو کی جانب سے ضلع کورنگی کو ماڈل ضلع بنانے کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر عون عباس کی قیادت میں لانڈھی ٹاؤن میں مسائل کے حل کیلئے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ خصوصاً بارشوں کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے، بلدیاتی اداروں، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ رکھ کر بروقت مسائل کے حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جو قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹریفک پولیس، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ٹی ایم سی اور کے ایم سی سمیت دیگر اداروں کے ساتھ مربوط حکمت عملی کے ذریعے عوامی مسائل کو مزید بہتر انداز میں حل کیا جائے، جبکہ کھلی کچہریوں اور سماجی شخصیات سے مسلسل رابطے کے ذریعے عوام کے قریب رہا جائے۔ ملاقات میں بابر مارکیٹ کے معاملات پر بھی گفتگو کی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ دکانداروں کی رائے کو اہمیت دیتے ہوئے ان کی مشاورت سے فیصلے کیے جائیں تاکہ مسائل کا دیرپا حل ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سید عون عباس نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مقامی سماجی شخصیات کا تعاون اور رہنمائی نہایت اہم ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت سندھ کے ماتحت اداروں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے لانڈھی کے مسائل کے حل کیلئے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے رہیں گے۔