اسلام آباد (ویب ڈیسک) ایران – امریکہ جنگ بندی سے متعلق مذاکرات کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس سمیت پرائیویٹ، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ معطل کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں پرائیویٹ، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ اگلے حکم تک معطل رہے گی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور اہم شاہراہوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
صدر سے فیض آباد، مری روڈ اور ایکسپریس وے پر اضافی ناکے قائم کیے گئے ہیں، فیض آباد، پیرودھائی اور 26 نمبر پر بس اڈے بھی بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ فیض آباد میں تجارتی مراکز بھی بند رہیں گے۔
ادھر ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ٹریفک روٹس کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل بند رہے گا۔
پولیس کے مطابق کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگا، سرینگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک روکی جا سکتی ہے، جبکہ اسلام آباد میں کسی بھی شاہراہ سے آنے والی ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔
پولیس نے ہدایت کی ہے کہ ہیوی ٹریفک مالکان تکلیف سے بچنے کے لیے اسلام آباد کا سفر نہ کریں، جبکہ شہری متبادل ٹریفک پلان پر عمل کریں۔
0 تبصرے