”شادی کی رات گھر سے بھاگ گئی تھی“

”شادی کی رات گھر سے بھاگ گئی تھی“

لاہور (ویب ڈیسک) معروف اداکارہ کنول فاروق نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والدین نے ان کی شادی طے کر دی تھی، مگر وہ شادی سے ایک رات قبل گھر سے بھاگ گئی تھیں۔ حال ہی میں اداکارہ نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی فنی اور ذاتی زندگی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ پروگرام کے دوران کنول فاروق نے کہا، ”میرا ماننا ہے کہ کوئی بھی شخص جو بھی پیشہ اختیار کرنا چاہتا ہے، ضروری نہیں کہ وہ اسی میں فٹ ہو جائے، کیونکہ انسان وقت کے ساتھ بدلتا رہتا ہے۔“ انہوں نے بتایا، ”میں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور ڈیزائنر کیا، پھر اپنا بوتیک کھولا، بیوٹیشن کے طور پر کام کیا اور سیلون بھی قائم کیا، لیکن بعد میں ماڈلنگ اور اداکاری کی دنیا میں آ گئی۔“ کنول فاروق نے انکشاف کرتے ہوئے کہا، ”میں شادی سے ایک رات پہلے گھر سے بھاگ گئی تھی، یہ بات بالکل سچ ہے۔“ اداکارہ کا کہنا تھا، ”گھر والوں کا اصرار تھا کہ میں شادی کروں، میں نے بھی ان کا دل رکھنے کے لیے انکار نہیں کیا، اچھی خاصی شاپنگ بھی کی، لیکن جس دن شادی تھی، اس سے ایک رات پہلے گھر چھوڑ کر چلی گئی۔“ میزبان نے ان سے پوچھا، ”شادی کے کارڈ وغیرہ بھی تقسیم ہو چکے ہوں گے اور دیگر تیاریاں بھی مکمل ہو چکی ہوں گی؟“ جس پر کنول فاروق نے جواب دیا، ”میرے والدین کسی حد تک سمجھ گئے تھے، انہیں میرے مزاج کا اندازہ تھا، اسی لیے انہوں نے محدود لوگوں کو دعوت دی تھی۔ ابتدا میں صرف نکاح کی تقریب رکھی گئی تھی۔“ جب میزبان نے سوال کیا کہ والدین کو پہلے کیوں نہ بتایا؟ تو اداکارہ نے جواب دیا، ”وہ خوش تھے، میں نے سوچا کچھ وقت کے لیے انہیں خوش رہنے دیا جائے۔“