واشنگٹن (ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے اور آئندہ چند دنوں میں بات چیت کو حتمی شکل دی جائے گی۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ 25 فروری سے 11 مارچ تک ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اصلاحات اور ماحولیاتی شعبے میں پاکستان کی بہتر کارکردگی کو سراہا ہے، تاہم آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام کے درمیان 7 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت اسٹاف لیول معاہدہ نہیں ہو سکا۔
آئی ایم ایف کے اعلامیے کے مطابق پاکستان کے ساتھ مذاکرات میں حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان نے اصلاحاتی ایجنڈے پر بہتر کام کیا ہے اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات میں بھی پیش رفت ہوئی ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پروگرام پر عملدرآمد مجموعی طور پر وعدوں کے مطابق رہا، مالی خسارہ کم کرنے اور پبلک فنانس کو مضبوط بنانے سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔
آئی ایم ایف کے مطابق توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور کارکردگی بہتر بنانے پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ سماجی تحفظ، صحت اور تعلیم کے اخراجات میں اضافے کے حوالے سے معاشی ٹیم سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔ آئی ایم ایف نے مہنگائی کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھنے پر زور دیا۔
مذاکرات کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے معاشی اثرات پر بھی غور کیا گیا اور خطے کے بحران کے پاکستان پر پڑنے والے ممکنہ اثرات پر بھی بات چیت ہوئی۔ آئی ایم ایف کے مطابق آئندہ چند دنوں میں مذاکرات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
0 تبصرے