نہال ہاشمی کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ، وزیراعظم نے سمری صدر کو بھجوا دی

نہال ہاشمی کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ، وزیراعظم نے سمری صدر کو بھجوا دی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی کو سندھ کا گورنر مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے منظوری کے لیے سمری صدرِ پاکستان کو ارسال کر دی ہے۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے نہال ہاشمی سے ملاقات بھی کی اور انہیں سندھ کا گورنر مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں رانا ثناء اللہ، اسحاق ڈار اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ نہال ہاشمی کے سیاسی کیریئر پر ایک نظر کراچی سے تعلق رکھنے والے نہال ہاشمی گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلم لیگ (ن) سے وابستہ ہیں۔ وہ 1997 سے 1999 تک وزیراعظم نواز شریف کے قانونی و آئینی امور کے مشیر رہے۔ سال 2012 میں انہوں نے کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں، جبکہ اگست 2014 میں انہیں سندھ میں مسلم لیگ (ن) چیپٹر کا جنرل سیکریٹری مقرر کیا گیا۔ نہال ہاشمی 2015 میں مسلم لیگ (ن) کی پنجاب کی نشست پر سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے اور اب انہیں گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 2017 میں پاناما کیس سے متعلق ایک متنازع بیان پر نہال ہاشمی کو مسلم لیگ (ن) سے نکال دیا گیا تھا، تاہم 2021 میں ان کی رکنیت بحال کر دی گئی تھی۔ یاد رہے کہ اس وقت سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری ہیں، جو ایم کیو ایم پاکستان سے وابستہ ہیں۔