کراچی میں دن کے ساتھ راتیں بھی گرم، محکمہ موسمیات نے اپڈیٹ جاری کر دی

کراچی میں دن کے ساتھ راتیں بھی گرم، محکمہ موسمیات نے اپڈیٹ جاری کر دی

کراچی: محکمہ موسمیات نے سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ شہر کی راتیں بھی گرم رہنے لگی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے باعث آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج صبح شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 22.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 52 فیصد ہے، جبکہ مشرق سے ہوائیں 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں نہ صرف دن بلکہ راتیں بھی گرم ہو رہی ہیں۔ گزشتہ روز کراچی میں دن کا درجہ حرارت مارچ کے معمول سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گزشتہ رات کا درجہ حرارت مارچ کے معمول سے 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔