کراچی : نیہال ہاشمی نے سندھ کے گورنر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ظفر احمد راجپوت نے نیہال ہاشمی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
سندھ کے گورنر کی حلف برداری تقریب میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن اور دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ نیہال ہاشمی کو سندھ کا گورنر مقرر کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز کیا گیا تھا، جبکہ صدر آصف علی زرداری نے ان کی تقرری کی منظوری دی تھی۔
نیہال ہاشمی کے سیاسی کیریئر پر ایک نظر
کراچی سے تعلق رکھنے والے نیہال ہاشمی گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلم لیگ (ن) سے وابستہ ہیں۔ وہ 1997 سے 1999 تک وزیر اعظم نواز شریف کے قانون و انصاف کے مشیر رہے۔ 2012 میں انہوں نے کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں، اور بعد ازاں اگست 2014 میں انہیں سندھ میں مسلم لیگ (ن) چیپٹر کا جنرل سیکریٹری بنایا گیا۔
نیہال ہاشمی 2015 میں مسلم لیگ (ن) کی پنجاب کی نشست پر سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے اور اب انہیں گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2017 میں پاناما کیس سے متعلق متنازع بیان پر نیہال ہاشمی کو مسلم لیگ (ن) سے نکال دیا گیا تھا، تاہم 2021 میں ان کی رکنیت بحال کر دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ اس وقت گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری ہیں، جو ایم کیو ایم پاکستان سے وابستہ ہیں۔
0 تبصرے