پاکستانی میزبان اور اینکر رابعہ انعم نے اداکارہ عائزہ خان کو پاکستان کا شاہ رخ خان قرار دے دیا

پاکستانی میزبان اور اینکر رابعہ انعم نے اداکارہ عائزہ خان کو پاکستان کا شاہ رخ خان قرار دے دیا

کراچی (شوبز نیوز) پاکستانی میزبان اور اینکر رابعہ انعم نے اداکارہ عائزہ خان کو پاکستان کا شاہ رخ خان قرار دے دیا، جس پر کئی سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ماہرہ خان پاکستانی اداکاری کی اصل ملکہ ہیں۔ حال ہی میں رابعہ انعم نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے عائزہ خان کو پاکستان کا شاہ رخ خان قرار دیا۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عائزہ خان پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی دونوں حوالوں سے شاندار شخصیت کی مالک ہیں اور ان کی شخصیت غیر معمولی محسوس ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ عالمی سطح کی بڑی فنکارہ ہوتیں تو انہیں زیادہ سراہا جاتا اور انہیں اعلیٰ درجہ دیا جاتا۔ اگر وہ بھارت میں ہوتیں تو شاید ان کی حیثیت کچھ اور ہی ہوتی، اس لیے وہ پاکستان کی شاہ رخ خان ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دانش تیمور کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی بہت اچھا رہا۔ وہ نہایت مہربان، عاجز اور مثبت شخصیت کے مالک ہیں۔ ہم تقریباً آٹھ گھنٹے براہِ راست پروگرام کرتے ہیں اور وہ سیٹ پر ہمیشہ مثبت توانائی کے ساتھ موجود رہتے ہیں، اب مجھے سمجھ میں آیا ہے کہ وہ سپر اسٹار کیوں ہیں۔ دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین رابعہ انعم کی اس رائے سے اختلاف کرتے نظر آئے۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ صرف ماہرہ خان کے پاس وہ مقام اور عالمی پہچان ہے جس کا موازنہ شاہ رخ خان سے کیا جا سکتا ہے، اس لیے وہی پاکستانی اداکاری کی ملکہ ہیں۔ کچھ مداحوں نے یہ بھی کہا کہ صبا قمر اور ہانیہ عامر بھی اس لقب کے لیے اتنی ہی موزوں ہیں۔