آسکر ایوارڈز تقریب میں فلسطین کی آزادی کے نعرے، پریانکا چوپڑا کی خاموشی پر تنقید

آسکر ایوارڈز تقریب میں فلسطین کی آزادی کے نعرے، پریانکا چوپڑا کی خاموشی پر تنقید

ممبئی (ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کے معروف اداکار Javier Bardem 98ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب کے دوران ’’جنگ نامنظور اور فلسطین کو آزاد کرو‘‘ کا نعرہ لگانے کے بعد دنیا بھر کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر چھا گئے۔ ہسپانوی اداکار جیویر بارڈیم بھارتی اداکارہ Priyanka Chopra کے ساتھ اسٹیج پر موجود تھے، جہاں دونوں کو ڈولبی تھیٹر میں بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کا ایوارڈ پیش کرنا تھا۔ اس موقع پر اپنی تقریر کا آغاز کرتے ہوئے بارڈیم نے ’’نو ٹو وار اور فری فلسطین‘‘ کا نعرہ لگایا، جس پر ہال زوردار تالیاں بجانے لگا۔ اداکار نے اپنی کوٹ پر دو بیجز بھی لگائے ہوئے تھے، جن میں سے ایک جنگ کی مخالفت اور دوسرا فلسطین کی حمایت میں تھا، جس کے ذریعے ان کا پیغام مزید واضح ہو گیا، جبکہ پریانکا چوپڑا مسکراتی اور سر ہلاتی نظر آئیں لیکن انہوں نے کوئی بات نہیں کی۔ اس تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے۔ کچھ صارفین نے بارڈیم کی جرات کو سراہا، جبکہ کئی صارفین نے پریانکا چوپڑا کی خاموشی پر سوال اٹھائے۔ صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک عالمی شخصیت اور انسانی ہمدردی سے وابستہ ہونے کے باوجود پریانکا کا اس اہم معاملے پر واضح مؤقف سامنے نہ آنا حیران کن ہے۔‘‘ کئی صارفین نے لکھا کہ پریانکا 2006 سے یونیسف کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور 2016 میں خیرسگالی کی سفیر بھی مقرر ہوئیں، اس لیے ان سے زیادہ واضح ردعمل کی توقع کی جا رہی تھی۔ یاد رہے کہ بارڈیم ماضی میں بھی غزہ کی صورتحال پر اپنا واضح مؤقف ظاہر کرتے رہے ہیں اور عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔