تہران (ویب ڈیسک) ایرانی حکام نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی تدفین کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق تہران کے سماجی و ثقافتی امور کے نائب میئر محمد امین توکلی زادہ نے تدفین سے متعلق نئی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تدفین سے قبل تین دن تک عوامی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
محمد امین توکلی زادہ کے مطابق ان تین روزہ سوگ کے دوران عوام کو مرحوم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ عوامی تقریبات کے بعد نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی، جس کے بعد باقاعدہ جلوس شروع ہوگا۔ ان کے مطابق تہران میں یہ جلوس کم از کم 24 گھنٹے جاری رہنے کا امکان ہے۔
توکلی زادہ نے مزید بتایا کہ اس کے بعد تقریبات ایران کے اہم مذہبی مراکز قم اور مشہد میں بھی جاری رہیں گی۔ ان کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کی خواہش کے مطابق تدفین مشہد میں امام رضاؑ کے روضے کے قریب ہونے کا امکان ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ ملک کی جدید تاریخ کے سب سے بڑے عوامی اجتماعات میں سے ایک ہو سکتا ہے۔ توکلی زادہ نے بتایا کہ تہران میں ایسے انتظامات کیے جا رہے ہیں کہ ایک کروڑ 50 لاکھ سے 2 کروڑ افراد ان تقریبات میں شرکت کر سکیں۔
ان کا کہنا ہے کہ انتظامات کی مجموعی نگرانی پاسدارانِ انقلاب کر رہی ہے، جبکہ میونسپل حکام اور دیگر سرکاری ادارے لاجسٹکس اور عوامی سہولیات میں مدد فراہم کریں گے۔
یاد رہے کہ سابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای ایران جنگ کے آغاز میں ابتدائی امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شہید ہو گئے تھے۔
0 تبصرے