کراچی (ویب ڈیسک): محکمہ موسمیات نے جولائی کے پہلے ہفتے کے دوران ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک، شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب سے نمی سے بھرپور ہوائیں ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ 2 جولائی سے خلیجِ بنگال سے بھی مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں کا رخ کریں گی۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق یکم سے 6 جولائی کے دوران کشمیر، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 3 اور 4 جولائی کو سندھ کے شہروں سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور ملحقہ اضلاع میں جبکہ یکم سے 4 جولائی کے دوران بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 2 سے 6 جولائی کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ یکم سے 4 جولائی تک اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
0 تبصرے