راولپنڈی (ویب ڈیسک): کہوٹہ میں عدالت پیشی کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے والے 14 قیدی پولیس وین سے فرار ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق قیدیوں کو عدالت میں پیشی کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کیا جا رہا تھا کہ چیکنگ کے لیے قیدی وین کو روکا گیا۔ اسی دوران ایک قیدی نے پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچیں پھینک دیں، جس کے بعد 14 قیدی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد کہوٹہ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ فرار ہونے والے قیدیوں میں سے 4 کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کہوٹہ کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور فرار قیدیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کی بھاری نفری طلب کر کے سرچ آپریشن جاری رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی پولیس نے بھی تصدیق کی ہے کہ فرار ہونے والے 4 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی مفرور قیدیوں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
0 تبصرے