سکھر: مغوی معصوم بچوں کی بازیابی کے لیے پريا کماری ایکشن کمیٹی کے تحت ببرلوئی بائی پاس پر گزشتہ روز چوتھے دن بھی احتجاجی کیمپ قائم رہا۔
مغوی بچوں کے اہل خانہ سمیت سیاسی، سماجی اور شہری حلقے بھی دھرنے میں شریک رہے۔ اس موقع پر نذیر کھوکھر، سکندر سولنگی، کامریڈ سولنگی، پرویز سہتو اور مغوی اجالا سولنگی کے والد شمس الدین سولنگی نے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ پريا کماری، اجالا سولنگی، صبا کلہوڑو، نوید لاشاری، فاطمہ تیونو، علی اصغر مگسی، نیاڻي خوشی اور آصفہ مغل سمیت سندھ بھر سے اغوا ہونے والے معصوم بچوں کی بازیابی تک یہ دھرنا جاری رہے گا۔
مقررین نے کہا کہ ریاست کو اغوا کاروں اور ان کے سہولت کاروں کا علم ہے، اس کے باوجود معصوم بچوں کو بازیاب نہیں کرایا جا رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض بچوں کے اغوا کے مقدمات نامزد ملزمان کے خلاف درج ہیں، لیکن ریاستی ادارے کارروائی نہیں کر رہے۔
مقررین نے چیف آف آرمی اسٹاف، چیف جسٹس آف پاکستان اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ مغوی معصوم بچوں کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔
0 تبصرے