ایم کیو ایم کراچی کے نام پر بلیک میلنگ کر رہی ہے، شارٹ کٹ سیاست نہیں چلے گی: شرجیل میمن

ایم کیو ایم کراچی کے نام پر بلیک میلنگ کر رہی ہے، شارٹ کٹ سیاست نہیں چلے گی: شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم آج بھی عوامی مینڈیٹ کے بجائے شارٹ کٹ سیاست پر یقین رکھتی ہے، جبکہ وفاقی مداخلت کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کرنا سیاسی بلیک میلنگ کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم عوام کا اعتماد کھو چکی ہے اور اسے اقتدار کی یاد ستا رہی ہے، اسی لیے وہ اب شارٹ کٹ تلاش کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کراچی کے عوام کے وسائل کو سیاسی سودے بازی کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کے معاملات وفاق کے حوالے کرنے کی بات وفاقی ڈھانچے کے خلاف سازش ہے۔ سندھ کوئی تجربہ گاہ نہیں جہاں کسی جماعت کی سیاست کمزور ہونے پر حملہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فاروق ستار کو یاد رکھنا چاہیے کہ سندھ کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو واضح مینڈیٹ دیا ہے، اور یہ مینڈیٹ کسی پریس کانفرنس، دھمکی یا سیاسی بلیک میلنگ سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر ایم کیو ایم کو اقتدار میں زیادہ حصہ چاہیے تو اس کا راستہ عوام کے ووٹوں سے گزرتا ہے۔ وفاقی مداخلت یا آئینی اداروں کو سیاسی تنازعات میں گھسیٹ کر اقتدار حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم وفاقی حکومت کا حصہ ہونے کے باوجود کراچی سے متعلق کیے گئے وعدوں پر عمل کیوں نہیں کرا سکی؟ اپنی ناکامیوں کا ملبہ سندھ حکومت پر ڈالنے کے بجائے انہیں اپنے وفاقی اتحادیوں سے سوال کرنا چاہیے۔ شرجیل میمن نے واضح کیا کہ آئینی اختیارات، صوبائی خودمختاری اور کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی ترقی سیاسی بلیک میلنگ یا عہدوں کی تقسیم سے ممکن نہیں، سندھ حکومت صوبے کی ترقی، عوامی خدمت اور آئینی بالادستی کے سفر کو جاری رکھے گی۔