مرد اداکاروں کو بہتر کمرے اور سہولیات ملتی ہیں، خواتین کو کمتر محسوس کرایا جاتا ہے: کریتی سینن

مرد اداکاروں کو بہتر کمرے اور سہولیات ملتی ہیں، خواتین کو کمتر محسوس کرایا جاتا ہے: کریتی سینن

ممبئی (ویب ڈیسک): بالی ووڈ اداکارہ کریتی سینن نے کہا ہے کہ فلمی صنعت میں آج بھی خواتین کے ساتھ مرد اداکاروں کے مقابلے میں مختلف اور کئی معاملات میں غیر مساوی رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔ ایک یوٹیوب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کریتی سینن نے فلمی دنیا میں پیش آنے والے اپنے تجربات اور مشکلات کے بارے میں گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی اداکارہ اپنے کردار یا کسی منظر کے بارے میں سوال کرے تو اسے مشکل یا حد سے زیادہ سوال کرنے والی سمجھا جاتا ہے، جبکہ یہی عمل اگر کوئی مرد اداکار کرے تو اسے پیشہ ورانہ سنجیدگی قرار دیا جاتا ہے۔ کریتی سینن نے کہا کہ فلم کے سیٹ پر مرد اداکاروں کو بعض اوقات بہتر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھی ان سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، جبکہ خواتین کو اکثر کم اہمیت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو مردوں کے مقابلے میں مختلف معیار پر پرکھا جاتا ہے اور کئی مواقع پر مرد اداکاروں کو بہتر کمرے اور دیگر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ اداکارہ کے مطابق اصل مسئلہ صرف سہولیات کا نہیں بلکہ خواتین کو کمتر محسوس کرانے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں خواتین کے لیے مضبوط کردار کم لکھے جاتے تھے، تاہم اب اس حوالے سے کچھ بہتری آئی ہے۔ واضح رہے کہ کریتی سینن کی حالیہ فلم "کاک ٹیل 2" تھی، جس نے عالمی سطح پر 137 کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔