عالمی معاشی بحرانوں کے باعث مالیاتی اداروں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں:سلیمان جی ابڑو

عالمی معاشی بحرانوں کے باعث مالیاتی اداروں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں:سلیمان جی ابڑو

حیدرآباد: سافکو کے بانی ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو نے کہا ہے کہ گزشتہ چند برسوں سے عالمی معیشت مسلسل ایک کے بعد ایک بحران کا سامنا کر رہی ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی اقتصادی صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے اثرات پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک پر بھی واضح طور پر مرتب ہو رہے ہیں، جہاں بڑھتی ہوئی غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث عام آدمی براہِ راست متاثر ہو رہا ہے۔ ایسی صورتحال میں سافکو جیسے سماجی ذمہ داری نبھانے والے مالیاتی اداروں کی ذمہ داریاں پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہیں، کیونکہ انہیں صرف مالی خدمات کی فراہمی تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ معاشی بحالی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، مالی شمولیت کو فروغ دینے اور لوگوں کو باوقار زندگی گزارنے کے قابل بنانے میں بھی مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سافکو مائیکروفنانس کمپنی (ایس ایم سی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹر سید سجاد علی شاہ کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو نے کہا کہ سافکو 1986ء سے غربت کے خاتمے، لوگوں کی معاشی خودمختاری اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ آج اگرچہ سافکو ایک مضبوط گروپ کی شکل اختیار کر چکی ہے اور اس کی خدمات کا دائرہ بھی وسیع ہو چکا ہے، تاہم ادارے کی اولین ترجیح آج بھی عوام کی فلاح، بہتری اور بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چالیس برسوں کے دوران معاشی بحرانوں اور دیگر مشکل حالات کے باوجود سافکو نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور آئندہ بھی اسی عزم کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی اصل پہچان اس کی عمارتوں یا وسائل سے نہیں بلکہ ان لوگوں سے ہوتی ہے جو دیانت داری، محنت اور خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔ ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ سید سجاد علی شاہ جیسے محنتی، مخلص اور باصلاحیت رفقا ادارے کے ساتھ وابستہ ہیں، جو سافکو کے وژن کو عملی شکل دینے اور ادارے کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سافکو بورڈ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اسماعیل کنبھر نے کہا کہ انہیں مختلف ممالک کے اداروں کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملا ہے، تاہم جدت، ادارہ جاتی ثقافت اور عوامی خدمت کے جذبے کے اعتبار سے سافکو کسی بھی ادارے سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم سی ایل خوش قسمت ہے کہ اسے سید سجاد علی شاہ جیسے باصلاحیت اور متحرک رہنما کی قیادت میسر آئی، جنہوں نے ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو کی رہنمائی میں ادارے کو اس کے مشن اور وژن کے مطابق نمایاں ترقی دی ہے۔ آج سافکو کی کارکردگی کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، جو نہ صرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سافکو مائیکروفنانس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر سید سجاد علی شاہ نے کہا کہ وہ تقریب میں ان کے بارے میں اظہارِ خیال کرنے والے تمام ساتھیوں کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساتھیوں کی جانب سے پیش کیے گئے مثبت تاثرات ان کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہیں، جبکہ وہ تنقیدی آرا کو اپنی اصلاح اور مزید بہتری کا بہترین ذریعہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ خوبیوں کا اصل سہرا ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو کی رہنمائی، اعتماد اور تربیت کو جاتا ہےانہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو کا اعتماد ان کے لیے ایک اعزاز ہے، اور اس اعتماد پر پورا اترنا وہ محض ملازمت نہیں بلکہ اپنی ذمہ داری اور اخلاقی عہد سمجھتے ہیں۔ سید سجاد علی شاہ نے کہا کہ سافکو، ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو کے وژن کے مطابق عوامی خدمت، مالی شمولیت کے فروغ، پسماندہ طبقات کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے اور لوگوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے مشن پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو نے اپنی پوری زندگی اسی مقصد کے لیے وقف کر رکھی ہے، اور یہی جذبہ ادارے کی رہنمائی اور قوت کا سرچشمہ ہے۔ تقریب سے سافکو سپورٹ فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بشیر احمد ابڑو اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، جبکہ سید سجاد علی شاہ کو گلدستے، روایتی سندھی اجرک، لونگیاں اور دیگر تحائف پیش کیے گئے۔