ارباب بھیل کیس میں اہم پیش رفت، سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ سے جواب طلب کر لیا

ارباب بھیل کیس میں اہم پیش رفت، سندھ ہائی کورٹ نے آئی جی سندھ سے جواب طلب کر لیا

کراچی (ویب ڈیسک): سندھ ہائی کورٹ نے سماجی اور انسانی حقوق کے کارکن ارباب بھیل کی آئینی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو ہدایت کی ہے کہ ارباب بھیل کے خلاف صوبے بھر میں درج تمام مقدمات اور ایف آئی آرز کی تفصیلی رپورٹ آئندہ سماعت سے قبل عدالت میں پیش کی جائے۔ جسٹس چوہدری عدنان اقبال اور جسٹس عدنان کریم میمن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے آئینی درخواست کی سماعت کی، جس میں درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ میر احمد منگریو نے دلائل پیش کیے۔ عدالت نے درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا اور آئی جی سندھ کو ہدایت کی کہ ارباب بھیل کے خلاف سندھ کے مختلف اضلاع میں درج تمام ایف آئی آرز اور مقدمات کی مکمل تفصیلات عدالت میں جمع کرائی جائیں۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ارباب بھیل کے خلاف عدالت کی اجازت کے بغیر نئی ایف آئی آرز درج نہ کی جائیں، جبکہ ایس ایس پی یا ڈی ایس پی سے کم درجے کے نہ ہونے والے کسی سینئر افسر کی سربراہی میں شفاف تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی جائے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ارباب بھیل ایک سماجی کارکن ہیں جو انسانی حقوق اور ناانصافیوں کے خلاف مسلسل آواز بلند کرتے رہے ہیں، جس کے باعث انہیں مبینہ طور پر مختلف اداروں کی جانب سے ہراساں کیا گیا۔ درخواست کے مطابق، سابقہ مقدمات میں بری ہونے کے باوجود یومِ آزادی کے موقع پر انہیں ایک نئے مقدمے میں دوبارہ نامزد کیا گیا، جس پر بھی عدالت سے قانونی تحفظ فراہم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔