ایران میں کشیدگی اور بھارت سے مایوسی، مندانا کریمی کا 16 سال بعد ممبئی چھوڑنے کا اعلان

ایران میں کشیدگی اور بھارت سے مایوسی، مندانا کریمی کا 16 سال بعد ممبئی چھوڑنے کا اعلان

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی ریئلٹی شو Bigg Boss کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی ایرانی اداکارہ Mandana Karimi نے 16 سال بعد بھارت چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ بھارتی اخبار ”ہندوستان ٹائمز“ کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ نے 18 برس کی عمر میں ایران چھوڑا تھا اور وہ اداکاری کے ارادے سے بھارت آئی تھیں، لیکن اب امریکا-ایران کشیدگی اور سپریم لیڈر Ali Khamenei کی شہادت کے بعد اداکارہ نے بھارت چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انسٹاگرام اسٹوری پر سوال و جواب کے سیشن کے دوران ایک مداح نے اداکارہ سے ممبئی چھوڑنے کے بارے میں سوال کیا، جس پر مندانا نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ”میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ بھارت کو اس طرح الوداع کہوں گی“۔ اداکارہ نے کہا کہ ”یہ یقیناً ایک مشکل مرحلہ ہے، لیکن بھارت میں تقریباً 16 سال گزارنے کے بعد آخرکار میں اپنا دوسرا گھر (بھارت) چھوڑ رہی ہوں، اب سب کچھ نیا ہوگا، یہ ایک نئی شروعات ہے“۔ اس سیشن کے دوران مندانا کریمی نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ بھارت چھوڑ کر کہاں جا رہی ہیں۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق مارچ میں مندانا کریمی نے ایک بیان دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ”10 سال قبل ان پر ایران میں پابندی عائد کردی گئی تھی، اس لیے وہ ایران واپس نہیں جا سکتیں، جبکہ وہ بھارت سے مایوس ہیں۔“ مندانا کے مطابق ”مجھے بھارت میں کسی قسم کی سپورٹ نہیں ملی اور اچانک جب آیت اللہ خامنہ ای شہید ہوگئے تو بھارت میں ہر کسی کی اپنی رائے ہے، ہر شخص سڑکوں پر ہے اور وہ حقیقت میں خامنہ ای کے لیے سوگ منا سکتے ہیں، جو میں نہیں کر سکی“۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ”سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر میں ایک جگہ پھنسی ہوئی ہوں اور میرے قریبی دوستوں میں سے کسی کے پاس بھی میرا پتا نہیں، اس کے باوجود میں میڈیا سے رابطے کی کوشش کر رہی ہوں تاکہ ایرانیوں کی آواز بلند کرسکوں“۔ مندانا کریمی نے مزید کہا کہ ”میں گزشتہ 6 برس سے فلموں میں اداکاری نہیں کر رہی، یہ میرا اپنا فیصلہ تھا کہ میں فلموں میں کام کرنا چھوڑ دوں، میں جانتی ہوں کہ میرے ملک (ایران) میں کیا ہو رہا ہے، میری پیدائش اور پرورش وہیں ہوئی ہے اور میں 18 سال تک ایران میں رہی ہوں“۔