بھارت میں مذاکرات کی حمایت میں اُٹھنے والی آوازیں خوش آئند ہیں، مودی سرکار کے جواب کے منتظر ہیں: پاکستان

بھارت میں مذاکرات کی حمایت میں اُٹھنے والی آوازیں خوش آئند ہیں، مودی سرکار کے جواب کے منتظر ہیں: پاکستان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے بھارت میں مذاکرات کے حوالے سے اُٹھنے والی آوازوں کو مثبت پیش رفت قرار دے دیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت میں اب مذاکرات کے حوالے سے اُٹھنے والی آوازیں خوش آئند پیش رفت ہیں، ہم ایسے خیالات پر بھارتی حکومت کے مثبت ردعمل کے منتظر ہیں، جبکہ ٹریک ٹو یا بیک ڈور رابطوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان نے بنوں فتح خیل پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر افغان ناظم الامور کو طلب کرکے احتجاجی ڈیمارش دیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملے کی منصوبہ بندی افغان سرزمین سے کی گئی، پاکستان دہشتگرد نیٹ ورکس اور سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔ ترجمان کے مطابق، امریکہ اور چین کے ساتھ رابطوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، وزیراعظم کے دورۂ چین کی تاریخ فائنل ہونے پر اعلان کیا جائے گا، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے سفارتکاری اور نتیجہ خیز مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔ ترجمان نے سی بی ایس کی ایرانی طیارے سے متعلق رپورٹ کو گمراہ کن اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی طیارہ سفارتی عملے اور انتظامی معاملات کے لیے جنگ بندی کے دوران اسلام آباد آیا تھا۔