سندھ کو 1991 کے معاہدے کے تحت اس کے حصے کا پانی دیا جائے، شرجیل میمن کا وفاق سے مطالبہ

سندھ کو 1991 کے معاہدے کے تحت اس کے حصے کا پانی دیا جائے، شرجیل میمن کا وفاق سے مطالبہ

کراچی؛ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت صوبے میں بڑھتے ہوئے پانی کے بحران کے حوالے سے کئی مرتبہ وزیراعظم اور وفاقی حکومت کو تحریری طور پر آگاہ کر چکی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ 1991 کے پانی کی تقسیم کے معاہدے کے تحت سندھ کو اس کا آئینی اور قانونی حصہ ہر صورت فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم نہ صرف آئینی تقاضا ہے بلکہ وفاقی اکائیوں کے درمیان اعتماد بڑھانے کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان کے آبی وسائل کا تحفظ اسی وقت ممکن ہے جب ہر صوبے کو اس کا جائز، آئینی اور قانونی حق دیا جائے۔ انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ پانی کی قلت کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے اور سندھ کے خدشات کا فوری ازالہ کرتے ہوئے منصفانہ بنیادوں پر پانی کی تقسیم یقینی بنائی جائے۔