تہران/کویت سٹی (ویب ڈیسک) ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین اور کویت میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو بڑے پیمانے پر میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے تین مرحلوں میں نشانہ بنایا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق بحری فوج نے ”آپریشن نصر 2“ کی 23ویں لہر کے دوران خطے میں موجود امریکی فوجی ٹھکانوں پر حملے کیے، جن میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق پہلے اور دوسرے مرحلے میں بحرین کے الصخیر ایئرپورٹ پر موجود امریکی یونٹس کے ڈرونز کی دیکھ بھال اور مرمت کے مراکز، جبکہ سلمان پورٹ پر امریکی ٹی ایف-59 یونٹ کی تیاری کی سہولیات کو نشانہ بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق تیسرے مرحلے میں کویت کے عریفجان فوجی اڈے پر امریکی اسپیشل فورسز کے میرینز کی تعیناتی، معاونت اور فوجی سازوسامان سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو تباہ کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خطے میں موجود امریکی فوجی دستوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب بحرین کی وزارتِ داخلہ نے ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ملک میں سائرن بجائے گئے ہیں اور شہریوں و رہائشیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پرسکون رہیں، فوری طور پر قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہوں اور حکام کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
ادھر کویتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کو روکنے کے لیے سرگرم ہے۔
کویتی فوج کے جنرل اسٹاف کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں تو یہ دشمن کے حملوں کو ناکام بنانے کے لیے فضائی دفاعی نظام کی کارروائیوں کا نتیجہ ہیں۔
بیان میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی اور سیکیورٹی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
0 تبصرے