ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے نیا نظام نافذ، حکومت نے تفصیلات جاری کر دیں

ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے نیا نظام نافذ، حکومت نے تفصیلات جاری کر دیں

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نئے پرائسنگ میکنزم کی منظوری کے بعد اس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جس کے تحت اب پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر جاری کی جائیں گی۔ دستاویزات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اب پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں روزانہ جاری کرے گی اور ان کی منظوری کے لیے وزیراعظم یا وفاقی حکومت سے الگ منظوری کی ضرورت نہیں ہوگی۔ نئے نظام کے تحت اوگرا قیمتوں کا تعین عالمی مارکیٹ میں گزشتہ سات دن کی اوسط قیمتوں کی بنیاد پر کرے گی، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو پہلے سے جاری قیمتیں برقرار رہیں گی۔ نئے میکنزم کے مطابق مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں بھی روزانہ مقرر کی جائیں گی۔ پٹرولیم لیوی کابینہ کی جانب سے مقرر کردہ حد سے زیادہ عائد نہیں کی جا سکے گی، جبکہ اس کی شرح میں تبدیلی صرف وزارتِ خزانہ کی منظوری سے ممکن ہوگی۔ دستاویزات کے مطابق مالی سال 2026-27 کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی درآمد صرف پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ذریعے ہوگی، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اپنے مارکیٹ شیئر کے مطابق پٹرول درآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق درآمد یا اپ لفٹمنٹ میں ناکام رہنے والی کمپنیوں کو 9 ماہ تک نئی درآمدی اجازت نہیں دی جائے گی۔ وفاقی حکومت نے متعلقہ اداروں کو نئے پرائسنگ میکنزم پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔