کراچی (ویب ڈیسک): محکمہ موسمیات نے سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت مختلف شہروں میں گرج چمک اور آسمانی بجلی کے ساتھ بارشوں اور شہری سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیجِ بنگال میں موجود ہوا کا کم دباؤ مزید شدت اختیار کرتے ہوئے ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہو گیا ہے، جو اس وقت بھارت کی ریاستوں اڑیسہ اور چھتیس گڑھ کے علاقوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور آسمانی بجلی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سجاول، ٹھٹھہ، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو، نواب شاہ، نوشہرو فیروز اور دادو میں بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ جیکب آباد، شکارپور، سکھر، گھوٹکی، کشمور، لاڑکانہ اور کراچی میں بھی تیز ہواؤں، گرج چمک اور آسمانی بجلی کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران سکھر اور شہید بینظیر آباد کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خدشہ ہے، جبکہ جیکب آباد، قمبر شہدادکوٹ، شکارپور، بدین، حیدرآباد، مٹیاری، میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان اور دادو میں بھی شہری سیلاب کا امکان موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرۂ عرب اور خلیجِ بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان رکھتی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ بھی ملک کے شمالی علاقوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔
0 تبصرے