کراچی میں کارکنان کی گرفتاری دہشتگردی کے مقدمات قابلِ مذمت ہیں، کاشف سعید شیخ

کراچی میں کارکنان کی گرفتاری اور دہشتگردی کے مقدمات کی مذمت

کراچی میں کارکنان کی گرفتاری دہشتگردی کے مقدمات قابلِ مذمت ہیں، کاشف سعید شیخ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کراچی میں حالیہ ہڑتال کے موقع پر جماعت اسلامی کے کارکنان کی گرفتاریوں اور امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی فرحان بیگ سمیت دیگر کارکنان کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن سیاسی کارکنوں کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات کا اندراج پیپلز پارٹی حکومت کی بدترین فسطائیت اور سیاسی انتقام کی عکاسی کرتا ہے۔ حکومت اختلافِ رائے کو دبانے اور عوامی احتجاج کو طاقت کے ذریعے روکنے کے بجائے عوام کے بنیادی مسائل حل کرے۔صوبائی امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ آئین، قانون اور جمہوری اصولوں کے دائرے میں رہتے ہوئے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی اور بھتہ ٹیکس کے خلاف جاری تحریک کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پورے ملک کے غریب اور متوسط طبقے کا مسئلہ بن چکی ہے۔ پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور اضافی ٹیکسز نے مہنگائی سے پہلے ہی پریشان عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پرامن احتجاج کرنے والے سیاسی کارکنوں کو گرفتار کرکے اور ان پر انسداد دہشتگردی کے مقدمات قائم کرکے اپنے خلاف عوامی غصے کو مزید بڑھا رہی ہے۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں عوام نے ہڑتال کرکے پٹرولیم لیوی اور بھتہ ٹیکس کے خلاف جس بھرپور انداز میں آواز بلند کی ہے، وہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ تحریک عوام کے دل کی آواز بن چکی ہے۔