تہران / تل ابیب (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے دارالحکومت تہران پر کیے گئے اسرائیلی حملے کے ردِعمل میں ایران نے اسرائیلی سرزمین کی جانب بیلسٹک میزائل فائر کر دیے۔
ایرانی حملے کے بعد اسرائیل کے شمالی اور مرکزی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے جبکہ شہریوں کو فوری طور پر پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام کو ایرانی میزائلوں کے مقابلے کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے حملے کو ناکام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ادھر اسرائیلی حکام نے ملک میں نافذ ہنگامی حالت کو 30 جون تک بڑھا دیا ہے۔
اس صورتحال سے کچھ دیر پہلے اسرائیلی جنگی طیاروں نے تہران میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا۔ فوجی ذرائع کے مطابق 50 سے زائد طیاروں نے 170 ایرانی عسکری تنصیبات کو ہدف بنایا، جن میں پاسدارانِ انقلاب اور دفاعی نظام سے منسلک مراکز شامل تھے۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران کے مرکزی علاقے میں واقع ایرانی پارلیمان کی عمارت کے قریب دھماکوں کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جب کہ طالقانی روڈ اور ولی عصر اسکوائر کے نزدیک بھی زور دار دھماکے سنے گئے۔
رپورٹس کے مطابق تہران میں پولیس ہیڈکوارٹر پر ایک اسرائیلی ڈرون حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
0 تبصرے