بدھ، 25 نومبر 2026
بریکنگ

کسی کے حکم پر نہ ریفرنڈم ہو سکتا ہے، نہ آئینی ترمیم اور نہ ہی نئے صوبے بن سکتے ہیں: بلاول بھٹو زرداری

تازہ ترین 25th Nov 2026 7 مناظر
کسی کے حکم پر نہ ریفرنڈم ہو سکتا ہے، نہ آئینی ترمیم اور نہ ہی نئے صوبے بن سکتے ہیں: بلاول بھٹو زرداری
ملتان (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر کوئی حکم کے ذریعے ریفرنڈم، آئینی ترمیم یا نئے صوبے بنانا چاہتا ہے تو ایسا ممکن نہیں، وہ کسی کے حکم پر کوئی آئینی ترمیم منظور نہیں کروا سکتے۔ ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی نئی تشکیل صرف 1973ء کے آئین کے تحت ہی ممکن ہے، اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ حالات میں ملک کے اندر انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن وہ ایسے کسی بھی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال کچھ باتیں ادھوری چھوڑ رہے ہیں، جلد ہی ملتان میں میٹ دی پریس کے دوران مزید تفصیلات سامنے لائیں گے۔ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئین میں نئے صوبے قائم کرنے کا باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے۔ سرائیکی صوبے کے قیام کے لیے کئی سال تک پارلیمانی جدوجہد کی گئی اور اس کی حمایت کے پیچھے مضبوط آئینی دلائل موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی صوبے کے قیام سے متعلق قرارداد پنجاب اسمبلی متفقہ طور پر منظور کر چکی ہے اور اس کے لیے مکمل آئینی راستہ اختیار کیا گیا ہے، جبکہ سندھ اسمبلی اور سندھ کے منتخب نمائندوں نے سندھ کی تقسیم کو مسترد کر دیا ہے۔ دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے ملتان کے غوث الاعظم روڈ پر گلگانی کالونی میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے بھی ملاقات کی اور ان کے کزن مخدوم سید علی رضا گیلانی کے انتقال پر دلی تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سید یوسف رضا گیلانی، مرحوم کے صاحبزادے مخدوم سید کبیر گیلانی اور ان کے بھائیوں سید محمد رضا گیلانی اور سید اسد مصطفیٰ گیلانی سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ گیلانی خاندان کے ساتھ ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی اور ان کی مغفرت، درجات کی بلندی اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی۔ انہوں نے سوگوار خاندان کے لیے صبر و حوصلے کی دعا بھی کی۔
شیئر کریں:

0 تبصرے

تبصرہ کریں

مطلوب خانہ
مطلوب خانہ