چوروں کا پولیس کو چکمہ، 9 کروڑ روپے کی ڈکیتی کے 2 ملزمان اہلکار کی موٹرسائیکل چرا کر فرار
کراچی (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے گڈاپ میں تاجر کے گھر سے 9 کروڑ روپے کی ڈکیتی میں ملوث گرفتار ملزمان پولیس کی حراست سے فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈکیتی کی واردات میں ایک سنار سمیت تین ملزمان ملوث تھے، جو گڈاپ پولیس کی حراست میں تھے۔ ان میں سے دو ملزمان پولیس اہلکاروں کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ فرار ہوتے وقت ایک پولیس اہلکار کی موٹرسائیکل بھی ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق تقریباً چار ماہ قبل گڈاپ کے علاقے میں ایک تاجر کے گھر میں ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی، جس کے دوران ملزمان 200 تولے سونا، چاندی اور 25 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔ لوٹے گئے سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 9 کروڑ روپے بتائی گئی تھی، جبکہ واقعے کا مقدمہ گڈاپ تھانے میں درج ہے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ملیر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے فرار ہونے والے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے اقدامات کرنے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے کر ذمہ داروں کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔
آئی جی سندھ نے غفلت اور لاپرواہی برتنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔