پچھلے پندرہ سالوں میں سندھ کا بیڑہ غرق ہوگیاہے،قادربخش کلمتی
پچھلے پندرہ سالوں میں سندھ کا بیڑہ غرق ہوگیاہے،قادربخش کلمتی
کراچی ( وسیم قریشی) پچھلے پندرہ سالوں میں سندھ کا بیڑہ غرق ہوگیاہے، لوگ بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، گیس بجلی تو دور کی بات پانی تک نہیں مل رہا،اسپتالوں اور اسکولوں کا براحال ہے، ن لیگ نے ہمیشہ ملک وقوم کی فلاح وبہبود اور ترقی کو ترجیح دی ہے،مخالفین کے دعوے دھرے رہ جائیں گے،اس مرتبہ ہم ٹف ٹائم دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماوسابقہ امیدوار قومی اسمبلی قادربخش کلمتی نے جے یوپی رہنماملک محمدشکیل قاسمی، مفتی محمدفیض القادری ودیگر سے عوامی پریس کلب کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک اس وقت شدید ترین سیاسی بحران کا شکار ہے جس سے صرف اور صرف ن لیگ اس کو نکال سکتی ہے، ن لیگ نے اپنے دوراقتدار میں ملک کو سیاسی ومعاشی استحکام دیاجس کی پاداش میں نوازشریف کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں، لیکن آج نوازشریف سرخرو ہوکر پھر قوم کی رہنمائی کے لئے میدان عمل میں موجود ہے اور جیلوں میں ڈالنے کی باتیں کرنے والا جیل میں ہے، یہ مکافات عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کی عوام غربت،مہنگائی، بدامنی اور بنیادی حقوق سے محرومی کی زندگی گزاررہی ہے، پیپلزپارٹی کے مسلسل اقتدار میں رہنے کے باوجود سندھ کو ترقی نہیں ملی،آج بھی وہی حال ہے جو برسوں پہلے تھا، ہم حیران ہیں یہ کس منہ سے عوام کے پاس ووٹ مانگنے جائیں گے، اب وہ وقت گزرگیا ہے، عوام میں شعور بیدارہورہاہے اور ان کی بیزاری صاف نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک اور قوم کا مستقبل بہتر بنانے کے لئے عوام نوازشریف کو ووٹ دے کر وزیراعظم بنائے گی۔ جے یوپی رہنماملک شکیل قاسمی نے کہاکہ جے یوپی اول روز سے ملک میں نفاذ نظام مصطفےٰﷺ کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے، انتخابات میں قیادت کی جانب سے سیٹ ٹوسیٹ ایڈجسٹمنٹ یاامیدواروں کی حمایت کے حوالے سے گفت وشنید کا عمل جاری ہے۔ علاوہ ازیں علاقائی سطح پر بھی حمایت کا فیصلہ کیاجاسکتاہے۔