کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہیں گے، فرح عظیم شاہ

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہیں گے، فرح عظیم شاہ

کوئٹہ: ایمان پاکستان تحریک کے چیئرپرسن و صوبائی اسمبلی کے ممبر محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح سے بھی پانچ اگست کشمیری عوام کے لیے یوم سیاہ کے دن کے طور پر منایا جائے گا کیونکہ پانچ اگست 2019 کو انڈیا میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے انڈین آئین کی شق 370 کے خاتمے کا اعلان کیا۔ جس کے تحت ریاست جموں و کشمیر کو نیم خودمختار حیثیت اور خصوصی اختیارات حاصل تھے کشمیر کی سیاسی جماعتوں اور عوام نے اس فیصلے کی شدید مذمت کی ہے، ان کے مطابق یہ قدم کشمیری عوام کی آواز کو دبانے اور ان کے حقوق کو سلب کرنے کی کوشش ہے شق 370 کا خاتمہ انڈیا کی وفاقی حکومت کی طرف سے ایک یکطرفہ اور غیر جمہوری اقدام ہے، جس نے کشمیریوں کی امنگوں اور حقوق کو پامال کیا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیری عوام پر بھارتی فوج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے،5اگست 2019ئکو یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کو پس پشت ڈال کر بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کی اور وادی کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمان بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں مگر بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ ظلم و ستم کا کوئی بھی حربہ کشمیریوں کو ان کے منصفانہ قانونی اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت دیئے گئے خودارادیت کے جمہوری حق سے محروم نہیں کرسکتا۔