جموں و کشمیر یونائیٹڈ فورم کی نئی کابینہ کا اعلان، شفیق بٹ چیئرمین، کاشف اقبال سیکرٹری جنرل مقرر

جموں و کشمیر یونائیٹڈ فورم کی نئی کابینہ کا اعلان، شفیق بٹ چیئرمین، کاشف اقبال سیکرٹری جنرل مقرر

اسلام آباد: جموں و کشمیر یونائیٹڈ فورم کے بانی چیئرمین و سرپرست اعلیٰ سردار آفتاب حسین نے کہا ہے کہ فورم کا قیام تین برس قبل راولپنڈی اور اسلام آباد میں مقیم کشمیری برادری کو منظم کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عمل میں لایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تنظیم کسی تعصب یا نفرت کے بجائے باہمی احترام ہم آہنگی اور تعاون کی بنیاد پر قائم کی گئی ہے۔ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار آفتاب حسین نے کہا کہ فورم کا مقصد جڑواں شہروں میں مختلف کمیونٹیز اور طبقات کے ساتھ روابط کو فروغ دیتے ہوئے کشمیری برادری کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تنظیم صحت، تعلیم، روزگار اور کاروبار سے متعلق مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور ضرورت مند افراد کی رہنمائی و معاونت کا سلسلہ جاری ہے۔ اس موقع پر فورم کی نئی کابینہ کا اعلان بھی کیا گیا جس کے تحت شفیق بٹ کو چیئرمین اور کاشف اقبال کو سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا۔ دیگر عہدیداروں میں سینئر وائس چیئرمین سردار نسیم، وائس چیئرمین خورشید خان، وائس چیرمین سہراب بیگ، ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عابد عباسی، چیف آرگنائزر سردار بنارس، سپوکس پرسن تانیہ خان، سکرئری فنانس شہناز خان ،لیگل ایڈوائزر شاہد شاہ ایڈووکیٹ، سیکرٹری اطلاعات ماجد افسر اور دیگر کا چناؤ عمل میں لایا گیا۔ سردار آفتاب حسین کے مطابق کابینہ میں آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع اور علاقوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ نو منتخب چیئرمین شفیق بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ فورم کشمیری برادری کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم عمل رہے گا اور پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تنظیم غریب اور محنت کش طبقات بالخصوص ریڑھی بانوں اور چھوٹے کاروباری افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور مستقبل میں خدمات کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ شفیق بٹ نے عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں یہاں جڑواں شہروں میں کشمیری کمیونٹی کو میڈیکل تعلیم کے مسائل حل کیلئے اقدام اٹھائے جائیں گے انھوں نے خاص طور پر کہا کہ تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کی رہائش کے مسائل کا حل نکالنے کیلئے ہاسٹل کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس میں طلباء کو نہایت رعایتی نرخ پر داخلہ دیا جائے گا۔ شفیق بٹ نے صحافی برادری سے بھی تعاون کی اپیل کی۔ تقریب سے نو منتخب سیکرٹری جنرل کاشف اقبال، سردار نسیم، تانیہ خان، شہناز خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں بانی چیئرمین سردار آفتاب حسین کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ کے تقریب میں نامور کاروباری شخصیات، سیاسی و سماجی رہنما، وکلا اور صحافیوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔