پاکستانی عوام ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، چوہدری سالک حسین

قوم وطن کے دفاع کیلئے مسلح افواج کی غیر مشروط حمایت جاری رکھے گی، خطاب

پاکستانی عوام ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، چوہدری سالک حسین

اسلام آباد (سٹی رپورٹر)وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستانی عوام ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، اسلام آباد میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کے زیر اہتمام مارکہ حق کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم مادر وطن کے دفاع میں مسلح افواج کی غیر مشروط حمایت جاری رکھے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہ حق اس طویل داستان کا ایک تازہ باب ہےجو 1947 سے شروع ہوئی اور آج بھی لکھی جا رہی ہے۔یہ ایک فکری یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی بقا اور عزت محض سرحدی لکیروں کا نام نہیں بلکہ ایک زندہ نظریے کا تسلسل ہے۔چوہدری سالک حسین نے کہا کہ چند ماہ قبل پاکستان نے ایک بار پھر تاریخ رقم کی جب ہماری مسلح افواج نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دور اندیش اور حکمتِ عملی پر مبنی قیادت میں بھارتی جارحیت کو ناکام بنایا۔انہوں نے کہا کہ یہ مارکہ محض ایک فوجی فتح نہیں تھا بلکہ اس نظریے کی فتح تھی جس پر پاکستان کی بنیاد رکھی گئی۔وزیر نے مزدور طبقے کو معیاری تعلیم، بہتر صحت کی دیکھ بھال اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی بھی تعریف کی۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی محمد عون ثقلین نے صنعتی کارکنوں کی بہتری کے لیے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی کوششوں کو سراہا۔سیکرٹری ڈبلیو ڈبلیو ایف ذوالفقار احمد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ڈائریکٹر جنرل نمل بریگیڈیئر شہزاد منیر نے کہا کہ بہادر مسلح افواج مادر وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ڈبلیو ڈبلیو ایف کے زیر اہتمام تعلیمی اداروں کے طلبا نے تقریب کے موقع پر حب الوطنی کے گیت اور پرفارمنس بھی پیش کیں۔تقریب کے اختتام پر چوہدری سالک حسین نے طلبا میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں۔وفاقی سیکرٹری برائے اوورسیز پاکستانیز ااور انسانی وسائل کی ترقی ندیم اسلم چودھری سمیت بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی معززین نے بھی سیمینار میں شرکت کی۔