ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے آئی اے ای اے سے تعاون معطل کرنے کا بل منظور

ایرانی پارلیمنٹ کی جانب سے آئی اے ای اے سے تعاون معطل کرنے کا بل منظور

تہران (ویب ڈیسک) ایرانی پارلیمنٹ نے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) سے تعاون معطل کرنے سے متعلق بل کی منظوری دے دی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق پارلیمانی کمیٹی نے امریکی اور اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے رویے پر اس سے تعاون معطل کرنے کے بل کی منظوری دی ہے۔ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے تصدیق کی کہ پارلیمنٹ کے ایک طویل اجلاس کے دوران صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ بل منظور کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق بل کے حق میں 222 ووٹ ڈالے گئے، کسی نے بھی مخالفت نہیں کی، صرف ایک رکن نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا، تاہم اس اقدام کی حتمی منظوری ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل دے گی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اس بل کے تحت جوہری تنصیبات کی سیکیورٹی کی ضمانت کے بغیر عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے اہلکاروں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے، ایران اپنی جوہری سائٹس پر کیمرے نصب نہیں کرے گا اور انسپکشن کے لیے عالمی ادارے کو رپورٹیں بھی جمع نہیں کروائے گا۔