بیجنگ (ویب ڈیسک) شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے دوران اس وقت سفارتی کشیدگی دیکھنے میں آئی جب پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف کی تقریر کے بعد بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ نے دوبارہ بولنے کی اجازت مانگی، مگر چینی وزیر نے انکار کردیا۔ اجلاس کے دوران خواجہ آصف نے پاکستان میں بھارتی مداخلت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کلبھوشن یادیو، جعفر ایکسپریس حملے اور بلوچستان میں بھارتی کردار کے ثبوت تمام رکن ممالک کے سامنے رکھے۔ خواجہ آصف کی تقریر کے بعد راج ناتھ سنگھ نے چینی وزیر دفاع سے دوبارہ خطاب کی اجازت مانگی تاکہ پاکستانی الزامات کا جواب دے سکے، تاہم چینی وزیر نے یہ اجازت دینے سے انکار کردیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایس سی او کے مشترکہ اعلامیے میں کشمیر اور بلوچستان کا بھی ذکر شامل تھا، جس پر نو میں سے آٹھ ممالک نے اتفاق کیا جبکہ بھارت نے اس پر دستخط کرنے سے انکار کیا۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران بھارت الگ تھلگ نظر آیا جبکہ پاکستان کے مؤقف کی کئی ممالک نے حمایت کی۔
0 تبصرے