نوشہرو فیروز میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے امداد لے جانے والے رضاکاروں کو یرغمال بنانے کے خلاف ریلی

نوشہرو فیروز میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے امداد لے جانے والے رضاکاروں کو یرغمال بنانے کے خلاف ریلی

نوشہرو فیروز (نمائندہ خصوصی) اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی عوام کے لیے امدادی سامان لے جانے والے قافلے "صمود فلوٹیلا" پر حملہ کر کے پاکستانی سینیٹر مشتاق احمد سمیت دیگر افراد کو یرغمال بنانے، حراست میں لینے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے خلاف جماعت اسلامی نوشہرو فیروز کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ یہ احتجاج جماعت اسلامی کی کال پر منعقد ہوا، جس کی قیادت عبدالواحد خانزادو، محمد رمضان، زین خانزادو اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج نے 60 ممالک کے رضاکاروں کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے راشن، دوائیں، اناج اور دیگر امدادی سامان لے جانے والے قافلے پر حملہ کر کے سامان ضبط کیا اور پاکستانی سینیٹر مشتاق احمد سمیت کئی افراد کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ اسرائیل کئی سالوں سے فلسطینیوں پر ظلم و ستم کر رہا ہے، جس میں لاکھوں فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ نسل کشی ہے، مگر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صمود فلوٹیلا میں شامل سینیٹر مشتاق احمد سمیت تمام یرغمال افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور فلسطینی عوام پر ہونے والا ظلم بند کیا جائے۔