ڈان نیوز کراچی کے رپورٹر خاور حسین کی لاش سانگھڑ میں گاڑی سے برآمد

ڈان نیوز کراچی کے رپورٹر خاور حسین کی لاش سانگھڑ میں گاڑی سے برآمد

سانگھڑ: ڈان نیوز کراچی کے رپورٹر خاور حسین کی لاش سانگھڑ میں ان کی گاڑی سے برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق لاش حیدرآباد روڈ پر ایک نجی ہوٹل کے باہر کھڑی گاڑی سے ملی جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جائے وقوعہ کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ حاصل کر کے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایک اعلیٰ افسر کو تفتیش سونپی جائے اور موت کی اصل وجہ معلوم کی جائے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے خاور حسین کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صحافت اور معاشرے کے لیے بڑا سانحہ ہے۔ انہوں نے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور واقعے کی شفاف تحقیقات کی ہدایت جاری کر دی۔ سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے بھی خاور حسین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور ایس ایس پی سانگھڑ کو واقعے کی ہر پہلو سے انکوائری کرنے کی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خاور حسین نہ صرف ایک پروفیشنل صحافی تھے بلکہ میرے قریبی رفقا میں سے بھی تھے، ان کا اچانک انتقال ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔