اسرائیل کے النصرہ ہسپتال پر دو حملے، 4 صحافیوں سمیت 15 فلسطینی شہید

اسرائیل کے النصرہ ہسپتال پر دو حملے، 4 صحافیوں سمیت 15 فلسطینی شہید

غزہ: صہیونی ریاست کی جانب سے غزہ کے النصر ہسپتال پر یکے بعد دیگرے دو فضائی حملے کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں 15 افراد شہید ہوگئے، جن میں 4 صحافی بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں النصر ہسپتال پر یکے بعد دیگرے دو حملے کیے گئے۔ حکام کا کہنا تھا کہ پہلے حملے میں غیر ملکی خبررساں ادارے رائٹرز کے کیمرہ مین حسام المصری شہید ہوگئے جب کہ دوسرے حملے میں رائٹرز کے ایک اور فوٹوگرافر حاتم زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دوسرا حملہ اس وقت ہوا جب امدادی کارکن، صحافی اور دیگر لوگ ابتدائی حملے کی جگہ پر پہنچے تھے اور حملے کی کوریج کررہے تھے۔ رائٹرز کی ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ غزہ کے النصر ہسپتال سے براہِ راست نشر ہونے والا ویڈیو فیڈ، جسے المصری چلا رہے تھے، ابتدائی حملے کے چند ہی لمحوں بعد اچانک بند ہوگیا۔ فلسطینی وزارت صحت نے دیگر 3 صحافیوں کی شہادت کی بھی تصدیق کی ہے جن میں خبر ایجنسی اے پی کی صحافی مریم ابو دغہ، الجزیرہ کا فوٹو جرنلسٹ محمد سلامہ اور امریکی ٹی وی این بی سی کا صحافی معاذ ابو طہہ شامل ہیں جب کہ شہید ہونے والوں میں ایک امدادی کارکن بھی شامل ہے۔