ضلعی انتظامیہ شہریوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی سید عون عباس نقوی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر کراچی سید حسن نقوی اور ڈپٹی کمشنر کورنگی ڈاکٹر مسعود بھٹوکی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر لانڈھی سید عون عباس نقوی نے فائر سیفٹی نظام کی عدم تعمیل پر بابر مارکیٹ کو سیل کردیا انتظامیہ کے مطابق متعدد بار نوٹسز اور ہدایات جاری کرنے کے باوجود مارکیٹ میں فائر سیفٹی کے مناسب انتظامات نہیں کیے گئے، جس کے باعث عوام کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق تھے تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر لانڈھی کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی ٹیم نے بابر مارکیٹ کا اچانک دورہ کیا، جہاں فائر سیفٹی کے انتہائی ناقص انتظامات سامنے آئے مارکیٹ میں فائر ایکسٹنگوشرز کی عدم دستیابی، ایمرجنسی راستوں کی بندش، غیر معیاری وائرنگ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کسی بھی موثر نظام کی عدم موجودگی پائی گئی اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سید عون عباس نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور تمام کاروباری مراکز کو فائر سیفٹی کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنا ہو گا انہوں نے کہا کہ فائر ایکسٹنگوشرز، ایمرجنسی ایگزٹ، الارم سسٹم اور دیگر حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی کسی بھی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے انہوں نے کہا کہ کمشنر کراچی سید حسن نقوی اور ڈپٹی کمشنر کورنگی ڈاکٹر مسعود بھٹو کی ہدایت کے مطابق بابر مارکیٹ کو اس وقت تک سیل رکھا جائے گا جب تک تمام حفاظتی تقاضے مکمل نہیں کیے جاتے اور متعلقہ اداروں سے کلیئرنس حاصل نہیں کرلی جاتی مارکیٹ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ فوری طور پر فائر سیفٹی سسٹم کو مکمل، فعال اور معیاری بنایا جائے اسسٹنٹ کمشنر نے خبردار کیا کہ دیگر مارکیٹس اور کمرشل مراکز بھی فوری طور پر اپنے فائر سیفٹی انتظامات کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں شہر بھر میں فائر سیفٹی اقدامات کی سختی سے چیکنگ کی جائے گی اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے تاکہ عوام کے لیے محفوظ کاروباری ماحول فراہم کیا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ حادثے سے بروقت بچاو ممکن بنایا جا سکے۔
0 تبصرے