اکثر لوگ یہ سمجھ کر ای سگریٹ یا ویپنگ استعمال کرتے ہیں کہ اس سے صحت پر مضر اثرات نہیں پڑتے، لیکن ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ای سگریٹ میں موجود نکوٹین پھیپھڑوں اور منہ کے کینسر کے خطرے میں اضافہ کر سکتی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی ایک یونیورسٹی میں کی گئی طبی تحقیق میں ای سگریٹ کے استعمال سے صحت پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیق میں اس موضوع پر پہلے سے موجود مختلف تحقیقی مطالعات کا تجزیہ کیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ ای سگریٹ کا استعمال بھی کینسر کا سبب بن سکتا ہے۔
ماہرین نے بتایا کہ یہ اس حوالے سے کی جانے والی اب تک کی سب سے جامع تحقیق ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ای سگریٹ استعمال کرنے والوں میں کینسر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ یہ تصور درست نہیں کہ ای سگریٹ کے استعمال سے کینسر کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ تحقیق معیاری ہے، تاہم نتائج کی مزید تصدیق کے لیے مزید مطالعات کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ ای سگریٹ سگریٹ نوشی ترک کرنے اور کینسر سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، لیکن موجودہ شواہد اس بات کی تصدیق نہیں کرتے۔
تحقیق کے مطابق موجودہ شواہد سے اشارہ ملتا ہے کہ ای سگریٹ کے استعمال سے پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ چار گنا تک بڑھ سکتا ہے۔ ماہرین نے کہا کہ مکمل تصدیق کے لیے انسانوں پر کلینیکل ٹرائلز کی ضرورت ہوگی۔
0 تبصرے