خيرپور: معروف گلوکارہ ممتاز کنول کی بااثر افراد کے خلاف دہائی کی ویڈیو وائرل

پلاٹ کے معاملے پر علی شیر دہوٹ اور دل مراد دہوٹ والوں سے تنازع چل رہا ہے: ممتاز کنول

خيرپور: معروف گلوکارہ ممتاز کنول کی بااثر افراد کے خلاف دہائی کی ویڈیو وائرل

خیرپور کی معروف گلوکارہ ممتاز کنول نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلاٹ کے معاملے پر ان کا علی شیر دہوٹ اور دل مراد دہوٹ والوں سے تنازع چل رہا ہے، اگر انہیں یا ان کے خاندان کو کوئی جانی یا مالی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار علی شیر دہوٹ اور دل مراد دہوٹ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ علی شیر دہوٹ اور دل مراد دہوٹ والوں کے خلاف پلاٹ تنازع کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ سکھر اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں مقدمات زیر سماعت ہیں، اسی معاملے پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران دل مراد دہوٹ کے بیٹے عدیل نے بجلی کے کھمبے پر چڑھ کر ان کے گھر کی تار کاٹ دی تاکہ گھر کے باہر نصب نگرانی کے کیمرے بند ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ مذکورہ ملزمان اور ان کے ساتھی ان کے اہل خانہ پر حملہ کرکے نقصان پہنچا سکتے ہیں، اگر انہیں یا ان کے خاندان کو کوئی مالی یا جانی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار علی شیر دہوٹ، دل مراد دہوٹ اور ان کے بیٹے عادل اور عدیل ہوں گے۔ انہوں نے ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی خیرپور اور دیگر حکام سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر انہیں اور ان کے خاندان کو مذکورہ افراد سے تحفظ فراہم کیا جائے۔