اسلام آباد (ویب ڈیسک) راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے آج تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش رات 3 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوئی، جو صبح 8 بجے تک جاری رہی۔ شدید بارش کے باعث سڑکوں اور مختلف علاقوں میں گھٹنوں تک پانی جمع ہوگیا ہے۔
راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوچکی ہے، جو گزشتہ 3 سال کے دوران سب سے زیادہ بارش ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارش کا سب سے زیادہ اثر نالہ لئی پر پڑ رہا ہے، جبکہ نالہ لئی میں شامل ہونے والے نالے بیک فلو کر رہے ہیں، جس کے باعث پانی باہر آ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ایک گھنٹے کے اندر صورتحال معمول پر آنا شروع ہوجائے گی۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث اطراف کے نالوں کا پانی آبادیوں میں داخل ہوا ہے۔ پانی کی سطح کم ہوتے ہی نشیبی علاقوں سے پانی نکلنا شروع ہوجائے گا۔ آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ٹیمیں نشیبی علاقوں کی جانب روانہ کردی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اس وقت کٹاریاں میں پانی کی سطح بلند ترین مقام پر ہے، جس کا اثر گوالمنڈی پر پڑ رہا ہے۔ پاک فوج، ریسکیو 1122، پی آر اے اور تمام متعلقہ ادارے متحرک اور موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 2 ایمرجنسی کالز موصول ہوئی ہیں، جبکہ جن علاقوں میں پانی جمع ہوا ہے وہاں صورتحال معمول کے مطابق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرپل ون بریگیڈ ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں ہے اور نالہ لئی، گوالمنڈی کے اطراف کے علاقوں میں پاک فوج کو تعینات کردیا گیا ہے۔ تمام ادارے ضلعی انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کا آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان سٹی کے علاقوں کے لیے کیا گیا ہے۔ عام شاہراہوں پر بھی پانی جمع ہے، جس کے باعث بچوں کو اسکول آنے جانے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
0 تبصرے