وینس (ویب ڈیسک) امریکی ای کامرس کمپنی ایمازون کے بانی جیف بیزوس اور صحافی لورین سانچیز کی صدی کی مہنگی ترین شادی کی تین روزہ تقریبات اٹلی کے شہر وینس میں شروع ہو چکی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شادی کی مرکزی تقریب وینس کے تاریخی مقام آرسنل میں رکھی گئی ہے، جو سینٹ مارکس اسکوائر کے سامنے اور 99 میٹر بلند بیل ٹاور کے قریب واقع ہے۔
اگرچہ تقریب کی صحیح تاریخ اور مقام خفیہ رکھا گیا ہے، تاہم افواہیں ہیں کہ جوڑا پہلے ہی امریکہ میں ایک نجی تقریب میں شادی کر چکا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اس شاہی طرز کی شادی پر مجموعی طور پر 56 ملین ڈالر (تقریباً 15 ارب روپے) خرچ کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث اسے صدی کی مہنگی ترین شادی قرار دیا جا رہا ہے۔
تقریب میں 250 سے زائد خصوصی مہمانوں کی شرکت متوقع ہے، جنہیں وینس کے پانچ مہنگے ترین ہوٹلوں میں ٹھہرایا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق تقریب میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ بھی شریک ہوں گی۔ مہمانوں کی آمد و رفت کے لیے 30 واٹر ٹیکسیاں اور 90 پرائیویٹ جیٹس بک کرائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ، شادی کی مٹھائیوں اور خصوصی وینیٹین کھانوں کے لیے مقامی دکانداروں کو آرڈر دیا گیا ہے، جبکہ روزا سلوا پیسٹری کی جانب سے 200 سے زائد تحفے کے بیگز بھی تیار کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جیف بیزوس اور لورین سانچیز نے گزشتہ سال منگنی کی تھی۔ یاد رہے کہ بیزوس نے 2019 میں اپنی پہلی بیوی میکنزی سے 26 سالہ شادی ختم کی تھی، جبکہ لورین بھی اپنے سابق شوہر پیٹرک وائٹسیل سے طلاق لے چکی ہیں۔
0 تبصرے