تہران (ویب ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل اپنے ناپاک مقاصد کے لیے ایران میں انتشار اور بدامنی پھیلا رہے ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل ایران میں خلفشار اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، ایرانی عوام انتشار پھیلانے والوں اور دہشت گردوں سے خود کو دور رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام انتشار پھیلانے کی اجازت نہ دیں اور یہ یقین رکھیں کہ ہم انصاف قائم کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب قوم سے خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ حکومت مسائل کے حل اور عوام کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم کسی بھی غیر ملکی کو قوم میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کو وینزویلا، غزہ اور دیگر مقامات پر اٹھائے گئے اقدامات پر شرم آنی چاہیے۔
مسعود پزشکیان نے ایرانی عوام سے ملکی مسائل کے حل کے لیے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شہری بدامنی نہ پھیلائے اور نہ ہی کسی دوسرے انسان کو قتل کرے۔ حکومت بدعنوانی کے خاتمے کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔
انہوں نے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا عزم ظاہر کیا اور سب کو انتشار کے خلاف کھڑے ہونے کی دعوت دی۔
0 تبصرے