پی ٹی آئی کے بانی نے آنکھ میں تکلیف کی شکایت جنوری کے پہلے ہفتے میں کی، جیل ڈاکٹر کی جانب سے دیے گئے ڈراپس 3 سے 4 دن استعمال کیے گئے۔ 16 اور 19 جنوری کو طبی معائنہ اور ٹیسٹ کیے گئے جبکہ 24 جنوری کو انجیکشن لگایا گیا۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءُ اللہ نے سینیٹ میں پی ٹی آئی کے بانی کے علاج سے متعلق تفصیلات پیش کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کی صحت پر سیاست نہ کی جائے۔
رانا ثناءُ اللہ کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی کا 25 مرتبہ بیرونی ڈاکٹروں سے بھی معائنہ کرایا جا چکا ہے اور وہ جس ڈاکٹر کا نام دیں گے، ان سے بھی چیک اپ کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر چار ماہ غفلت برتنے کا الزام درست نہیں ہے۔
مشیرِ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی کا ہر دوسرے دن طبی معائنہ ہوتا ہے۔ 9 دسمبر کو چیک اپ کے دوران انہوں نے آنکھ کی تکلیف کی شکایت نہیں کی تھی۔ 2 دسمبر کو عظمیٰ خان نے ملاقات کی، اس موقع پر بھی انہوں نے اپنی بہن سے کوئی شکایت نہیں کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کی جانب سے نجی اسپتال منتقلی کی کوئی درخواست نہیں دی گئی۔ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جس ڈاکٹر سے معائنہ کروانا چاہیں گے، ان سے چیک اپ کرایا جائے گا۔
0 تبصرے