اسرائيل ایران جنگ معاملہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جنرل عاصم منیر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، وائٹ ہاؤس کی تصدیق

اسرائيل ایران جنگ معاملہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جنرل عاصم منیر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، وائٹ ہاؤس کی تصدیق

واشنگٹن/اسلام آباد (ویب ڈیسک) وائٹ ہاؤس نے ایران جنگ کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کی تصدیق کر دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر کے جنوبی ایشیا کے لیے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کے اسلام آباد کے ممکنہ دورے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا کہ "یہ حساس سفارتی معاملات ہیں، اس لیے امریکہ اس حوالے سے میڈیا کے ذریعے بات نہیں کرے گا۔" کیرولین لیویٹ کا مزید کہنا تھا کہ بدلتی ہوئی صورتحال کے دوران ملاقاتوں کے بارے میں قیاس آرائیوں کو اس وقت تک حتمی نہ سمجھا جائے جب تک وائٹ ہاؤس کی جانب سے باقاعدہ اعلان نہ کیا جائے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر رپورٹ کیا گیا تھا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر ممکنہ طور پر آئندہ ہفتے اسلام آباد میں ایران کے حوالے سے ہونے والی بات چیت میں امریکہ کی نمائندگی کریں گے۔ دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر دونوں فریق (ایران اور امریکہ) راضی ہوں تو پاکستان مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔