امریکی صدر کا ایران پر ”سخت حملے“ کا اعلان، تیل اور گیس ذخائر پر قبضے کی دھمکی

امریکی صدر کا ایران پر ”سخت حملے“ کا اعلان، تیل اور گیس ذخائر پر قبضے کی دھمکی

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج رات ایران پر دوبارہ ”سخت حملہ“ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایران کے خارگ جزیرے پر کنٹرول سنبھالنے کی دھمکی دے دی ہے۔ ٹروتھ سوشل پر جاری کیے گئے بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ ”امریکہ آج رات ایران پر انتہائی سخت حملہ کرے گا، قریب مستقبل میں کسی وقت ہم خارگ جزیرے اور تیل کے انفراسٹرکچر کے دیگر اہم مقامات پر قبضہ کر لیں گے اور اس کی تیل و گیس مارکیٹوں پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیں گے، بالکل اسی طرح جیسے ہم نے وینزویلا کے ساتھ کیا تھا۔“ یاد رہے کہ امریکی صدر کے اعلان کے بعد امریکی افواج نے جمعرات کی صبح ایران پر حملوں کا ایک اور سلسلہ شروع کیا، جسے امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کی مسلسل اور اشتعال انگیز جارحیت کا ردِعمل قرار دیا۔ اس دوران مغربی تہران، مہرآباد ایئرپورٹ اور ایران کے شہر کرج میں دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اس کے جواب میں ایران نے خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے اور آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق، پاسدارانِ انقلاب نیوی نے آبنائے ہرمز میں دو سمندری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ بحرین میں پانچویں امریکی بحری بیڑے پر ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔