اسلام آباد؛ وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران آئندہ مالی سال کے بجٹ دستاویزات اور فنانس بل کے مسودے کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ دو مراحل میں کیا جائے گا، جس میں گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں زیادہ اضافہ کیا جائے گا۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم اپنی حکومت کا تیسرا بجٹ پیش کر رہے ہیں، امید ہے کہ یہ بجٹ معیشت کو مزید تیزی سے آگے لے جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام معاشی چیلنجز کے باوجود بہتر بجٹ پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے صبر کے ساتھ مہنگائی کو برداشت کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ گئی تھی، لیکن خطے کی صورتحال کے باعث اس میں معمولی اضافہ ہوا ہے، تمام چیلنجز کے باوجود آج ہماری معیشت بہتر ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سولر، ونڈ اور بیٹری اسٹوریج جیسے توانائی کے ذرائع پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اور پانی کے ذخائر اور ڈیم بھی تعمیر کرنا ہوں گے۔
0 تبصرے